اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رواں ماہ کے لیے سربراہ ملک چین کی زیر صدارت انیس مئی کو “افریقہ میں امن و سلامتی” کے موضوع پر اعلیٰ سطحی کانفرنس کا ورچوئل انعقاد کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کانفرنس کی صدارت کی۔وانگ ای نے کہا کہ سلامتی کونسل کی اس کھلی بحث کا مقصد وبائی صورتحائی کے تناظر میں عالمی برادری کو افریقہ میں امن و سلامتی کے درپیش شدید چیلنجز سے آگاہی فراہم کرنا، افریقی ممالک کے ساتھ مل کرانسداد وبا اور تعمیر نو پر اتفاق رائے کاحصول اور تنازعات کے بنیادی اسباب کے خاتمے سے افریقہ میں طویل المدتی امن اور پائیدار ترقی کے لیے قوت محرکہ فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر وانگ ای نے چین کی جانب سے چار تجاویز بھی پیش کیں جن میں انسداد وبا کے حوالے سے پائی جانے والی خلیج کو کم کرنے میں افریقہ کی امداد ،امن کے تحفظ میں افریقہ کی مدد ،ترقیاتی خلیج کو دور کرنے میں افریقہ کی امداد اور منصفانہ گورننس کے فروغ میں افریقہ کی مدد شامل ہیں۔وانگ ای نے کہا کہ وبائی صورتحال کے تناظر میں چین اور افریقہ مشترکہ طور پر افریقہ کی ترقی کی حمایت کے لیے شراکت دار ی کاآغاز چاہتے ہیں ۔اس ضمن میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افریقہ کی وسیع طور پر حمایت کریں تاکہ مشکلات کو دور کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہو جا سکے۔چین مزید ممالک اور عالمی تنظیموں کا اس شراکت داری میں خیر مقدم کرتا ہے۔