ستائیس تاریخ کو چینی وزارت خارجہ کی میڈیا بریفنگ میں پو چھا گیا کہ کووڈ-۱۹ سے نمٹنے کے لیے چین، افغانستان، پاکستان، نیپال، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ستائیس تاریخ کو منعقد ہو رہا ہے۔ کیا چین نے بھارت کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے؟
چینی ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ چین اور جنوبی ایشیاء دوستانہ پڑوسی ہیں جو آپس میں پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے ہوئے ہیں۔ وبائی صورتحال میں چین نے جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ انسداد وبا سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون کیا ہے جس سے تمام ممالک کے عوام مستفید ہوئے ہیں۔ مذکورہ اجلاس چین کی انسداد وبا اور معاشی و معاشرتی ترقی کی بحالی کے لئے جنوبی ایشیاء کے متعلقہ ممالک کے ساتھ مشترکہ کوششوں کا تسلسل ہے جس کی عالمی اور علاقائی سطح پر انسداد وبا تعاون میں اہمیت ہے۔ چین ہمیشہ سے کھلے پن ، شراکت داری ، تعاون اور باہمی مفادات کے تصور پر عمل پیرا رہا ہے اور بھارت سمیت جنوبی ایشیاء کے دوسرے ممالک کی شمولیت کے لیے چین کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم خطے میں متعلقہ ممالک کے لئے دوطرفہ چینلز کے ذریعے انسداد وبا اور خطے میں صحت عامہ کے تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے مثبت کوششیں جاری رکھنا چاہتے ہیں۔