چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے خبردار کیا ہے کہ تائیوان کارڈ کھیلنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔امریکی تھنک ٹینک” کونسل آن فارن ریلیشنز ” کی ورچوئل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ غلط فہمیوں کی بناء پر ابھی تک چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے درست سمت کا تعین نہیں کر سکا ہے جس کے باعث فریقین کے درمیان اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ چین امید کرتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ چین سے متعلق معروضی اور معقول نقطہ نظر اپنائے گی اور چین کے ساتھ پر امن بقائے باہمی اور مشترکہ مفاد پر مبنی ایک نئی راہ تلاش کی جائے گی۔ وانگ ای نے مزید کہا کہ چین کے نزدیک دونوں فریقوں کے مابین تعلقات کے حوالے سے درست نقطہ نظر یہی ہے کہ رابطوں کو مضبوط بنایا جائے ،تعاون کو گہرا کیا جائے ،اختلافات کو محدود کیا جائے اور تنازعات سے گریز کیا جائے۔