چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس نے بارہ تاریخ کو پریس کانفرنس میں ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ کی پالیسی اور نظام کے قیام کے حوالے سے پیش رفت متعارف کرائی۔ “ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ کی تعمیر کے مجموعی منصوبہ” کے اجرا کے بعد گزشتہ تین سالوں میں اس پر عمل درآمد کے دوران چین کے متعلقہ محکموں نے تجارت ،سرمایہ کاری اور سہولیات فراہم کرنے کی خاطر سلسلہ وار معاون پالیسیاں جاری کی ہیں۔چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر زونگ لیانگ نے کہا کہ اس وقت 110 سے زائدپالیسی دستاویزات جاری کی گئی ہیں ، اور ابتدائی طور پر آزادانہ تجارت پورٹ پالیسی نظام کا فریم ورک قائم کر لیا گیا ہے۔ ہائی نان فری ٹریڈ پورٹ پالیسی اور نظام کے نفاذ کے ساتھ ، ترقیاتی ماحول کی مستقل بہتری اور مارکیٹ کی ترقی کی بدولت ہائی نان یقیناً سرمایہ کاری اور کاروبار کے لئے ایک پرکشش مقام بن جائے گا ۔اطلاعات کے مطابق ، پچھلے تین سالوں میں ، ہائی نان کی معاشی ترقی کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اہم معاشی اشارے قومی اوسط سے بہتر رہے ہیں۔