چین میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے وجود کی کیا نوعیت ہے؟

0

رواں سال چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 100 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ یہ دنیا کی بڑی ترین سیاسی جماعت کہلاتی ہے جس کے 90 ملین سے زیادہ ممبران ہیں۔ چینی کمیونسٹ پارٹی 70 سال سے زائد عرصے سے چین میں برسر اقتدار ہے جس کو دنیا کی کامیاب ترین سیاسی جماعتوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ کے ایش سینٹر فار ڈیموکریٹک گورننس اینڈ انوویشن نے جولائی 2020 میں ایک تحقیقی سروے رپورٹ جاری کی جس کا عنوان ہے “چینی کمیونسٹ پارٹی کی لچکدار طاقت سے آگاہی: چینی عوامی رائے کا ایک طویل المیعاد سروے”۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سروے کے مطابق سنہ 2016 میں ، چینی عوام کی چینی کمیونسٹ پارٹی اور چینی حکومت پر اعتماد اور اطمینان کی شرح 93.1فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ انتہائی بلند پیمانے پر حمایت کی یہ شرح دنیا کے کسی بھی ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے انتہائی مشکل ہے۔
میں چین کے سیاسی نظام کے بارے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کسی بھی نظام یا معاشرتی انتظام میں خوبیاں اور خامیاں موجود ہوتی ہیں۔ میں یہ نہیں کہنا چاہتا کہ چین کا انتظامی نظام کامل ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں ہے۔ در حقیقت، دنیا میں کوئی کامل نظام موجود نہیں ہے ، لیکن چین نے جو ترقیاتی راستہ اور سیاسی نظام منتخب کیا ہے ،وہ مغربی ممالک کے سیاسی نظام سےیکسر مختلف ہے۔ یہ راستہ چین کے قومی تقاضوں کے عین مطابق ہے اور چین کے لئے انتہائی موزوں ہے۔ یقیناً، ہم اس راہ کو مستقل طور پر آگے بڑھا رہے ہیں ،اور اس میں مسلسل اصلاحات لا رہے ہیں اور سسٹم کی خوبیوں کو بھر پور طور پر بروئے کار لاتے ہوئے خامیوں کو کم کرتے چلے آرہے ہیں۔
گزشتہ 70 سالوں میں ، چین ایک غریب اور کمزور ملک سے اب دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے۔چین آج دنیا کے طاقتور اور بااثر ممالک میں شامل ہے۔یقیناً یہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ چین کا سیاسی نظام بھی کامیاب ہےاور چینی عوام اپنے سیاسی نظام کے بارے میں پر اعتماد ہیں۔
لیکن ایک طویل عرصے سے، کچھ مغربی ممالک میں سیاست دان اور چند میڈیا چینلز مختلف حربوں سے چینی کمیونسٹ پارٹی کو بدنام کرتے چلے آرہے ہیں جس کے نتیجے میں چینی کمیونسٹ پارٹی سے آگاہی کے بارے میں دنیا کے اکثر ممالک کے عوام کے ذہنوں میں ابہام پایا جاتا ہے۔ چین میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے وجود کی کیا نوعیت ہے؟ عام چینی لوگ چین کے قومی امور اور معاشرتی ترقی میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی حیثیت اور کردار کوکس نظر سے دیکھتے ہیں؟ میں چاہتا ہوں کہ میں ایک عام چینی شہری کی حیثیت سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بارے میں اپنے فہم سے آپ کو آگاہ کروں اور بیرون ملک دوستوں کے ساتھ شیئر کروں۔
سب سے پہلے میں چین کے سیاسی نظام میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے حیثیت اور کردار کے بارےمیں کچھ بتانا چاہتا ہوں۔ چین میں اس وقت جو سیاسی نظام رائج ہے ، وہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی “یک جماعتی آمریت” نہیں ہے جیسا کہ مغربی ممالک اسے کہتے ہیں ، بلکہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی سربراہی میں کثیرجماعتی تعاون اور عوامی جمہوری مشاورتی نظام ہے ، اس نظام کے تحت ملک کی تمام جمہوری جماعتیں اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد چینی کمیونسٹ پارٹی کےساتھ قریبی تعاون کرکے ملک و قوم کی معاشی و معاشرتی ترقی کے حوالے سے تمام مسائل پرتبادلہ خیال کرتے ہیں، اپنی تجاویز دیتے ہیں۔کہا جا سکتا ہے کہ چین کی تمام اہم ترقیاتی پالیسیاں اور حکمت عملیاں تمام حلقوں کی مشاورت اور بات چیت کے بعد مرتب کی جاتی ہیں اور نافذالعمل ہوتی ہیں۔
دوسرا ، مغربی جمہوری نظام کے تحت، تمام سیاسی جماعتیں خصوصی مفاداتی گروپ کے مفادات کی نمائندگی کرتی ہیں۔ چینی کمیونسٹ پارٹی تمام چینی عوام کے مفادات کی نمائندگی کرتی ہے۔ حکومتی سطح پر، چین کے سماجی انتظام اور گورننس نظام میں ، چینی کمیونسٹ پارٹی ایک رہنما کردار ادا کرتی ہے ۔یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی چینی انتظامی نظام میں ایک بہت بڑا ٹیلنٹ پول ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے ہر رکن کو کٹھن سیاسی اور نظریاتی تربیت حاصل کرنا ہوتی ہے۔ ان کے پاس ذمہ داری کا مضبوط احساس ، اخلاقی شعور، قوم اور ملک کے لئے قربانی کا جذبہ، معاشرے کے لئے عوامی ذمہ داری لینے کا جذبہ اور یہاں تک کہ ملک و قوم اور عوامی مفاد میں ہر وقت قربانی دینے کے لیے تیار رہنے کے احساس جیسے تصورات، اخلاق اور جذبات کا ہونا ضروری ہے ۔ ملک و قوم سے وفاداری، ایمانداری، اخلاقیات، سخت محنت ، یہ سب کمیونسٹ پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کی بنیادی شرائط ہیں۔ صرف اسی صورت میں وہ سماجی انتظامی نظام میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس لئے چین کے حکومتی محکموں میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران کی بڑی تعداد موجود ہے اور غیر سرکاری اداروں میں بے شمار پارٹی ممبران اپنی صلاحیت اور اعلیٰ شعور کی وجہ سے زیادہ مقبول ہیں ۔
کیا چینی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران اور عام لوگوں میں کوئی فرق ہوتا ہے؟
درحقیقت ، اس لحاظ سے تمیز کرنا بہت آسان ہے۔ چین میں ایک کہاوت سے سبھی واقف ہیں کہ ، جب کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑئے تو پارٹی ممبران اور سرکاری عہدیداروں سے مدد لیں ۔ جب آفات اور یہاں تک کہ خطرات سامنے آتے ہیں ، تو پارٹی کے ممبران اور سرکاری عہدیدار لازماً سب سے پہلے نظر آتے ہیں اور صف اول اور فرنٹ لائن پر مصروف ہوتے ہیں۔ چین کی خبروں میں آپ اکثر دیکھ سکتے ہیں کہ قدرتی آفات کی صورت میں امدادی سرگرمیوں کی فرنٹ لائن پر چینی کمیونسٹ پارٹی کےپرچم تلے بے شمار لوگ جدوجہد کرتے مصروف عمل ہیں ، یہ ہیں پارٹی ممبران جن کو پارٹی کمانڈو ٹیم بھی پکارا جاتا ہے جو آفات اور خطرات میں ایک غیر معمولی بات ہے۔ یہ ایک بہت ہی عمدہ مثال ہے ، یعنی خطرناک ترین اور مشکل گھڑی میں آپ چینی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران کو سب سے پہلے کھڑا پاتے ہیں اور یہی لوگ کٹھن ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں ۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے ممبران کی حیثیت سے یہ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔عام روزمرہ زندگی اور دیگر امور میں بھی پارٹی ممبر ان بالعموم قائدانہ ذمہ داریاں اور اہم ترین فرائض سرانجام دیتے ہیں۔کووڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں ہسپتالوں میں سنگین صورتحال ، انتہائی تشویشناک حالت والے مریضوں کے علاج و معالجے اور دیکھ بھال ، لاک ڈاون کے دوران رہائشی کمیونٹیز میں شہریوں کو ضروریات زندگی فراہم کرنے ، اور دیگر پرخطر کاموں میں پارٹی ممبران ہمیشہ پیش پیش ہیں۔
یہ ہے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بارے میں کچھ معلومات اور خیالات جو میں آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں ۔مجھے امید ہے کہ مستقبل میں تمام دوستوں کے ساتھ بات چیت کا مزید موقع ملے گااور چین کے سیاسی نظام اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے بارے میں مزید تبادلہ خیال کیا جا سکے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here