چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پرچین۔پاک ثقافتی تبادلوں کے مزید فروغ ، دونوں ممالک کے مابین کتب کے باہمی تراجم اور اشاعت کی ترقی کے لیے چین پاکستان تراجم تنظیم یعنی ” چین پاکستان ٹرانسلیشن ورکشاپ” دس مارچ کو بیجنگ میں باضابطہ طور پر قائم کر دی گئی ہے۔ امور چین کے حوالے سےپاکستان کے نامور ماہرین ،مترجمین اور چین۔ پاکستان پبلشنگ ایجنسیوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد پاکستان کی قومی خصوصیات اور قارئین کی کتب بینی کی عادات کی روشنی میں عمدہ چینی کتابوں کا ترجمہ اور اشاعت کرنا ہے۔ اس ورکشاپ کی مدد سے پاکستانی قارئین کو چینی کتب سے متعارف کروایا جا سکےگا۔ اس طرح دونوں ممالک کی پبلشنگ انڈسٹری کے مابین تبادلوں اور تعاون کو فروغ ملے گا۔
شرکاء نے پاکستان کی پبلشنگ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال ، پاکستان میں چینی کتب کی پذیرائی، چین اورپاکستان کے مابین تراجم کے شعبے میں ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ تقریب میں “ایشین مارکیٹ تعمیرات میں چین کا عروج” اور “سمندر کے ساحل پر موسم بہار اور خزاں” جیسی کتابوں کے اردو ورژن کے ترجمےاور اشاعت کے لئے بھی ایک دستخطی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔