اسلام آباد ہائی کورٹ پر وکلا کے حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: ہائی کورٹ پر وکلا کلی جانب سے کئے گئے حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور نا ہی ہائی کورٹ پر حملے کے واقعے کو کسی صورت نظر انداز کیا جائے گا، آپ سب کو پتہ ہے وہ کون لوگ تھے جنہوں نے یہاں حملہ کیا، جو یہاں آئے تھے وہ سب وکیل تھے، باہر سے کوئی نہیں تھا آدھے سے زائد کو میں جانتا ہوں، جو مارچ لے کر آئے، وکلا کو مشتعل کیا اور جنہوں نے حملہ کیا سب اس میں شامل ہیں، میں نے خط لکھا ہے اب ریگولیٹر کی جانب دیکھ رہے ہیں وہ کیا کرتے ہیں۔ ہم پر وکلا بحالی تحریک کے 90 شہدا کا قرض ہے، پولیس کے سینیئر افسر کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، جو ملوث وکلا بالکل واضح ہیں ان کو پولیس پکڑے اور قانون نے مطابق کاروائی کرے اس معاملے پر جو مشتبہ تھے ان سے متعلق جے آئی ٹی بار سے پوچھ لے، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ کے صدور ملوث وکلا کی نشاندہی کریں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ احتجاج کی ضرورت ہی نہیں تھی،جب سے چیف جسٹس بنا ہوا تب سے کچہری کے لیے کام کر رہا ہوں، موجودہ حکومت نے ضلعی عدلیہ کی منتقلی کے لئے تیز تر انداز میں کام کیا ہے، اس حکومت نے پی ایس ڈی پی سے کچہری منتقلی فنڈز کی منظوری دی، وزیر اعظم نے کہا ڈسٹرکٹ کورٹس کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ، اس سلسلے میں کنسلٹنٹ بھی ہائیر کیا جا چکا ہے، موجودہ حکومت خاص طور پر وزیراعظم اور وفاقی کابینہ تعریف کے قابل ہیں۔ ہائی کورٹ نے چیف کمشنر کو حکم دیا کہ وہ بار کو تحریری آگاہ کریں ڈسٹرکٹ کورٹس منتقلی کا کام کہاں تک پہنچا۔

چند روز قبل اسلام آباد میں وکلا کے چیمبرز گرائے جانے کے خلاف مشتعل وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے ہائیکورٹ پر دھاوا بول دیا تھا، اس دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ بھی اپنے چیمبر میں محصور ہوکر رہ گئے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY