چینی صدر شی جن پھنگ کی اہلیہ پھنگ لی یوان نے نو تاریخ کو جرمنی کے شہر ایسن میں واقع سکول برگ جیم نازیم کے اساتذہ اور طالب علموں کے نام خط لکھا ۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے چینی اور جرمن عوام کے درمیان دوستی کے فروغ کے لئے اس تعلیمی ادارے کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کی حوصلہ افزائی کی۔
پھنگ لی یوان نے کہا کہ میں نے اسکول کے طلبا کی جانب سے گائے گئے چینی گیت” وبا کے بعد ” کی ویڈیو دیکھی۔گانے میں طالب علموں نے دنیا کے مختلف ممالک کے عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے کہ وہ جلد وبا پر قابو پالیں۔ گزشتہ برس برگ جیم نازیم کے طالب علموں نے انسداد وبا میں چین کی حمایت کے لئے”دنیا کو محبت سے بھرنے دو” نامی گانا گایا تھا۔وبااب بھی دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ میں آپ تمام طالب علموں کی صحت و سلامتی کی متمنی ہوں۔ میری دلی دعا ہے کہ آپ اور آپ کے گھر والے صحت مند رہیں۔ وبا کے بعد میں آپ کو چین میں خوش آمدید کہوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے عوام مل کر وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔