چھبیس سے اٹھائیس جنوری تک “عہد حاضر میں چین امریکہ تعلقات” کے موضوع پر ورچوئل سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں تجارت و معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی اور عالمی چیلنجز، ثقافتی تبادلوں پر بات چیت کی گئی۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی چیف ایگزیکٹیو لام زنگ یو عہ نے سیمینار سےاستقبالیہ خطاب کیا۔ سیمینار میں چین کے بین الاقوامی اقتصادی تبادلوں کے مرکز کے سربراہ زنگ پھے یان، کینیڈا،جاپان، اٹلی کے سابق وزراء اعظم ،امریکہ کے سابق تجارتی نمائندے اور سابق وزیر تجارت سمیت چالیس سے زائد شخصیات نے شرکت کی۔
چینی شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی امریکی حکومت بڑے ممالک کے درمیان عدم تصادم، عدم محاذ آرائی، باہمی احترام، تعاون اور مشرکہ مفادات پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے تین نکاتی تجاویز پیش کیں جن میں چین ۔امریکہ کثیرسطحی تبادلوں کے نظام کی بحالی اوربہتری، چین ۔ امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی تعمیرنو اور عالمی گورننس میں تعاون کے ذریعے اعتماد سازی شامل ہیں۔
امریکی نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یہ اعتماد ظاہر کیا کہ امریکہ ۔ چین تعلقات عدم تصادم اورعدم محاذ آرائی کے تحت باہمی احترام، تعاون، مشترکہ مفادات اور پرامن بقائے باہمی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے درمیان انسدادوبا، اقتصادی بحالی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی جدت کاری سمیت دیگر میدانوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔