چین کی مائیک پومپیو سمیت متعدد امریکیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

0

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نےاعلان کیا ہے  کہ چین مائیک پومپیو سمیت دیگر امریکیوں پر پابندیاں عائد  کرے گا ۔ 
ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں امریکہ میں متعدد چین مخالف سیاست دانوں نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر  چین کے خلاف تعصب اور نفرت میں ، چینی اور امریکی عوام کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے مختلف غیر معقول سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔اس سے  چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت  کی گئی،  چین کے مفادات کو نقصان  پہنچا ،چینی عوام کے جذبات مجروح ہوئےاور چین-امریکہ تعلقات کو بھی شدید نقصان پہنچا  ۔ ترجمان نے کہا کہ  چینی حکومت کا قومی اقتداراعلی ،  سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے دفاع کا عزم غیر متزلزل ہے ۔ چین نے ٹرمپ انتظامیہ میں شامل مائیک پومپیوسمیت  ان 28 افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے چین کی خود مختاری کی شدید خلاف ورزی کی ہے ۔ان افراد اور ان کے اہل خانہ کی مین لینڈ چائنا، ہانگ کانگ اور مکاؤ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ مزید یہ کہ ناصرف ان افراد کے بلکہ ان سے منسلک کمپنیوں اور اداروں کے چین کے ساتھ روابط اور کاروبار کرنے پر  بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اکیس تاریخ کو چین کی  وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے میڈیا بریفنگ کےدوران چین کی جانب سے چند امریکی اہلکاروں پر پابندیوں کے حوالے سے نامہ نگاروں کے سوالات کے جوابات دیے۔ 
ترجمان نے کہا کہ چین کا متعلقہ امریکی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ ایسی شخصیات کی جانب سے چین سے متعلقہ امور میں  چین کی خودمختاری ، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کی شدیدخلاف ورزی کا ردعمل ہے ۔چین کاا قدام جائز اور ضروری تھا جس سے  قومی مفادات کے تحفظ کےلیے چین کے پختہ عزم کا مکمل اظہار ہوا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ  نئی امریکی حکومت ، چین اور چین – امریکہ تعلقات کو معقول طورپر دیکھے گی ، دونوں ممالک کے عوام  کی خوشحالی کے تناظر میں چین کے ساتھ  بہترتعلقات قائم کرے گی، اور عدم  تنازعہ ، عدم تصادم ، باہمی احترام اور تعاون کے اصول پر عمل پیرا رہتے ہوئےاختلافات کو کنٹرول کرے گی ،تاکہ  چین ۔ امریکہ  تعلقات پائیدار اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن رہ سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here