چار تاریخ کو چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے چین کے بین الاقوامی ویکسین تعاون کی حالیہ پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں سوالات کا جواب دیا۔
ہوا چھون اینگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ویکسین کے عالمی تعاون کے حوالے سے کھلے پن کا مظاہرہ کیا ہےاور چینی کمپنیوں نے غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ ویکسین کی تحقیق و ترقی اور پیداوار کےکاموں میں فعال طور پرشرکت کی ہے۔ فی الحال ، چین کی جانب سے تیار کردہ بہت ساری ویکسین بیرون ملک تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز سے گزر رہی ہیں۔ چین اپنی ویکسین تیار ہونے اور استعمال میں لائےجانے کے بعد ، اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اس ویکسین کو عوامی استعمال کی مصنوعات میں شامل کرے گا اور خاص طور پر ترقی پزیر ممالک میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائےگا۔
ہوا چھون اینگ نے اس بات پر زور دیا کہ چینی حکومت ہمیشہ ویکسین کی سلامتی اور تاثیر کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔ چینی ویکسین کی تحقیقی و ترقی میں حصہ لینے والی کمپنیاں ہمیشہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق اپنےکام کو آگے بڑھاتی ہیں اور یہ کمپنیاں سائنسی قوانین اور تقاضوں کی سختی سے پیروی کرتی چلی آ رہی ہیں۔