چینی صدر شی جن پھنگ نے چین کے اہم اقتصادی صوبے جیانگ سو کا معائنہ کیا ۔یہ ان کا رواں سال کا تیرہواں جب کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس کےبعد کیا جانے والا پہلا مقامی دورہ ہے۔ اس مرتبہ ان کی توجہ دریائے یانگسی ، گرینڈ کینال ، اور جنوب سے شمال میں منتقلیِ آب کے منصوبے پر مرکوز رہی اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی کہ اگلے پانچ سال میں چین “پانی” کے حوالے سے کس طرح کام کرے گا۔
تیرہ نومبر کو چینی صدر شی جن پھنگ نےصوبہ جیانگ سو کےشہر یانگ جوکا دورہ کیا۔ انہوں نے نہر سان ون کے ماحولیاتی اور ثقافتی پارک اور جیانگ ڈو منصوبہ براِئے تحفظِ آب کا معائنہ کرتے ہوئے گرینڈ کینال کے آس پاس ماحولیاتی بہتری اور ثقافتی تحفظ نیز ورثے کے استعمال ، جنوب سے شمال میں متبادل آبی راستے کے مشرقی روٹ کی منصوبہ بندی و تعمیر اور جیانگ ڈو منصوبہ براِئے تحفظِ آب کی عملی صورتِ حال کےبارے میں معلومات لیں ۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ماحولیاتی تمدن کے لیے بہترین انداز میں کام کرنا چاہیے کیونکہ اس کا براہِ راست اثر، لوگوں کی فلاح و بہبود پر پڑتا ہے ۔
سان ون کا علاقہ ماضی میں بہت ہی بندنظمی اور گندگی کا شکارتھا۔ حالیہ برسوں میں ، یانگ جو کی مقامی حکومت نے سان ون ماحولیاتی اور ثقافتی پارک کی تعمیر کا آغاز کیا ہے ، جس سے یہاں کے ماحول میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صدر شی جن پھنگ نے یانگ جو جیانگ ڈو منصوبہ براِئے تحفظِ آب کا معائنہ بھی کیا، جہاں جنوب سے شمال میں متبادل آبی راستے کے مشرقی روٹ کی منصوبہ بندی اور تعمیر اور اس منصوبے پر کام کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شمالی خطے میں پانی کے تحفظ اورجنوب سے شمال تک پانی کی منتقلی کے منصوبے کو مضبوط اور یکجا کیا جانا بے حد ضروری ہے اور آبی وسائل کے تحفظ پر توجہ دی جانی چاہیے ۔
حال ہی میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کے پانچویں کل رکنی اجلاس میں منظورکردہ قومی معاشی اور معاشرتی ترقی کے چودھویں پنج سالہ منصوبے کی تجاویز میں نشاندہی کی گئی کہ اہم دریاؤں، جھیلوں اور مرطوب علاقوں کے ماحولیاتی تحفظ اور انتظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ چینی صدر شی جن پھنگ کے دورہ جیانگ سو کا مقصد آنے والے پانچ برسوں میں چین کی اعلی سطحی ، سر سبز ترقی کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہے۔