چین کے صدر شی جن پھنگ نے بارہ تاریخ کو شنگھائی کے علاقے پودونگ میں تعمیر و ترقی اور یہاں اصلاحات و کھلے پن کو متعارف کروانے کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پودونگ نے گزشتہ تیس برسوں میں عالمی سطح پر قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں ،معاشی ترقی اور اصلاحات کے میدان میں پودونگ کو چین کے دیگر علاقوں پر نمایاں سبقت حاصل ہے ۔ انہوں نے پودونگ کی ترقی کو چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ نظام کی خوبی اور اصلاحات اور کھلے پن کے ثمرات کا عملی نمونہ قرار دیا۔
حقائق کے تناظر میں دیکھا جائے تو آج سے تیس برس قبل سن 1990میں یہ علاقہ ماسوائے زرعی میدانوں کے کچھ نہ تھا ،اُس وقت چینی قیادت نے شنگھائی پودونگ علاقے میں اصلاحات و کھلے پن کے تحت ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جس نےجلد ہی شنگھائی کو ایک بین الاقوامی اقتصادی ، مالیاتی اور تجارتی مرکز میں ڈھال دیا۔ مسلسل اصلاحات کی بدولت پودونگ چین اور دیگر دنیا کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کا ایک انجن بن چکا ہے۔ چین میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کی بات کی جائے تو فارچون500میں شامل معروف کمپنیاں پودونگ میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دے رہی ہیں۔ گزشتہ تیس برسوں میں بے شمار ملٹی نیشنل کمپنیوں نےیہاں سرمایہ کاری کی اور ٹھوس ثمرات حاصل کیےہیں۔ اس وقت پودونگ میں تین سو اڑتالیس ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے علاقائی صدر دفاتر قائم کر چکی ہیں جبکہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں برس کووڈ۔19کے باعث عالمی اقتصادی بحران کے باوجود پودونگ میں نئی قائم شدہ کمپنیوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا رحجان برقرار رہا ہے۔پودونگ کی اقتصادی ترقی کے نمایاں پہلووں کا اگر مختصراً جائزہ لیا جائے تو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی ، صنعتکار دوست پالیسیوں کا تسلسل ، ٹیکس و کاروباری لاگت میں کمی ، مسلسل معاشی اصلاحات اور تجارتی زون میں کاروباری اداروں کو سہولیات فراہم کرنا نمایاں عوامل ہیں۔ آج پودونگ ایک ہزار سے زائد معروف مالیاتی اداروں کا گھر ہے جبکہ یہاں بیرونی سرمائے سے چلنے والے “ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ” سے وابستہ اداروں کی تعداد دو سو چالیس سے زائد ہے۔شنگھائی بندرگاہ کی بات کی جائے تو مسلسل دس برسوں سے اسے دنیا کی مصروف ترین بندرگاہ کا درجہ حاصل ہے۔
شنگھائی پودونگ علاقے کے ترقیاتی سفر میں جدت کا پہلو انتہائی نمایاں نظر آتا ہے اور یہی اسے دیگر دنیا سے ممتاز کرتا ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹیلی مواصلات ، آرٹیفشل انٹیلی جنس ،اسپیس ٹیکنالوجی،روبوٹکس و ڈرون ٹیکنالوجی کا جس موئثر اور وسیع پیمانے پر یہاں استعمال جاری ہے ، باقی دنیا میں ایسی مثال کم نظر آتی ہے۔ بہترین فن تعمیر سے مزین بلند و بالا عمارتیں ،دلفریب سیاحتی مقامات ،متنوع دلکش ثقافتی رنگ ، پررونق بازار اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال ،پودونگ کی وجہ شہرت ہیں۔ ماہرین کے نزدیک گزشتہ تیس برسوں کے دوران پودونگ کی تیز رفتار ترقی حقیقی معنوں میں چین میں اصلاحات اور کھلے پن پر مبنی پالیسیوں کی کامیابی کی بہترین عکاسی ہے۔ایک انتہائی متحرک اور متنوع مارکیٹ اکانومی کی یہ عمدہ مثال ہے۔ چینی قیادت پر عزم ہے کہ ڈیجیٹل معیشت و تجارت، بگ ڈیٹا ایکسچینج سمیت دیگر تمام ذرائع کے موئثر استعمال سے دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو پودونگ کی جانب مزید راغب کرتے ہوئے اشتراکی اور مشترکہ مفاد پر مبنی ترقی کو آگے بڑھایا جائے تاکہ کووڈ۔19کی موجودہ سنگین صورتحال میں عالمی اقتصادی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا جا سکے۔