حالیہ دنوں معروف گاڑی ساز ادارے ٹیسلا نے اعلان کیا کہ شنگھائی میں تیار کردہ ماڈل تھری الیکٹرک گاڑیاں یورپ کو برآمد کی جائیں گی۔پہلی کھیپ فرانس اور جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک تک پہنچائی جائے گی۔تجزیہ نگاروں کے خیال میں چینی ساختہ ٹیسلا گاڑیوں کی برآمد چین کی مضبوط مسابقت کے مظہر سمیت عالمی صنعتی و سپلائی چین کے استحکام میں چین کے اہم کردار کی عکاسی ہے۔
یاد رہے کہ ٹیسلا کمپنی کے کیلی فورنیا اور شنگھائی میں دو کارخانے ہیں۔وبا کے باعث رواں سال کے آغاز میں امریکہ میں ادارے کی سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں جب کہ شنگھائی میں مختلف فریقوں کی مدد سے پیداوار اور فروخت کا سلسلہ تیزی سے بحال ہو چکا ہے۔ شنگھائی کارخانے میں مینوفیکچرنگ اور آپریشنز کے ڈائریکٹر سونگ گانگ نے کہا کہ ٹیسلا چین میں سرمایے کو وسعت دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ چین میں غیرملکی سرمایہ کاری اور غیرملکی تجارت کے استحکام میں مثبت خدمات سرانجام دی جا سکیں۔
وزارت تجارت کے تحت انٹرنیشنل مارکیٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نائب سربراہ بائی مینگ نے کہا کہ ٹیسلا جیسی غیرملکی کمپنیاں چینی منڈی اور چین میں پیداواری صلاحیت کو اہمیت دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی موٹر گاڑیوں کی صنعت کے استحکام کے لیے چین اہم کردار ادا کر رہا ہے۔چین کی اقتصادی ترقی دوسرے ممالک کے لیے بھی اعتماد کا باعث ہو سکتی ہے۔