بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرا ہتمام چینی شخصیات کو سول اعزازات دینے کی خصوصی تقریب کا اہتمام

0

بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرا ہتمام 22 تاریخ کو چینی شخصیات کو سول اعزازات دینے کی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں صدر پاکستان کی جانب سے پاک چین تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر محترمہ چاؤ بائگہ اور محترمہ گینگ ینگ کو پاکستان کے سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔

سول اعزاز حاصل کرنے والی چینی شخصیت ڈاکٹر چاؤ بائگہ نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی خارجہ امور کمیٹی کی وائس چیئرپرسن ہیں۔ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ سنہ 2013 میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی نائب صدر منتخب ہوئی تھیں۔وہ پاکستان کی ایک بہت اچھی دوست اور پاک چین دوستی کی پرجوش وکیل ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

اس تقریب میں ایک اور چینی شخصیت کو بھی سول اعزاز عطا کیا گیا۔ جن کا نام محترمہ گنگ ینگ ہے۔محترمہ گنگ ینگ چائنا کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن (سی سی ایچ ایف) کی صدر ہیں۔ وہ چینی فنون اور ثقافت کی ایک عظیم سرپرست ہیں اور چین اور دنیا بھر میں بڑی تعداد میں آرٹ نمائشوں کا اہتمام کرتی ہیں۔ چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر محترمہ گینگ ینگ نے  فنون لطیفہ کے میدان میں شاندار خدمات سرانجام دیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر عزت مآب جناب معین الحق نے دونوں شخصیات کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں چینی وزارت خارجہ، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن ، چینی اکیڈمی آف سوشل سائنسز ، چائنا چیمبر آف انٹرنیشنل کامرس ، چائنا کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن ، پاکستان سفارتخانے کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے بھر پورشرکت کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY