چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤلی جیان نے 21 تاریخ کو پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ چین، چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور موجودہ منصوبوں کی تعمیرکو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔ چین ان منصوبوں کے ذریعے لوگوں کی معاشرتی ترقی اور روزگارکی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔
پاکستانی صدر عارف علوی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی سطح کو مزید بلند کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے ، چاؤ لی جیان نے کہا کہ “بیلٹ اینڈ روڈ “کے ایک اہم پائلٹ پروجیکٹ کی حیثیت سے ، چین پاک اقتصادی راہداری کی ایک خاص اہمیت ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف چین اور پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی کو فروغ دیتا ہے ، بلکہ باہمی علاقائی رابطوں کی تعمیر کو بھی فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے گوادر پورٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کی پہلی ششماہی کے بعد سے ، بندرگاہ نے گندم ، چینی ، اور کھاد جیسے دیگر سامان کو افغانستان برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔