وزیراعظم کا موسم سرما میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حفاظتی تدابیر یقینی بنانے پر زور

0

وزیراعظم عمران خان نے موسم سرما میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ماسک کے استعمال اور دیگر حفاظتی تدابیر یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے اعدادوشمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کی وباء موسم سرما میں پھیل سکتی ہے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کریں اور حکمت عملی وضع کریں۔

انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے اس اجلاس کا مقصد قوم کو کورونا کی دوسری لہر سے محفوظ رکھنے اور مزید نقصانات سے بچنے کے لئے بروقت فیصلے کئے جائیں۔ اجلاس کو کورونا وائرس کی وباء کی تازہ ترین صورتحال ، ٹیسٹنگ،ملک کے مختلف علاقوں میں اس وباء کے پھیلائو کی شرح اورعالمی سطح پر کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے چھ ہفتوں کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک میں کورونا پھر سر اٹھا رہا ہے اور کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیا جا رہا ہے تاکہ اس وباء کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY