چین کی وزارت ثقافت اور سیاحت کے ڈیٹا سینٹر کے حساب کے مطابق ، چار اکتوبر کو ایک ہی دن میں چین میں سیاحوں کی تعداد 110 ملین جبکہ ملکی سیاحت کی آمدنی 80.79 بلین یوآن بنی ۔جامع اعدادوشمار کے مطابق ، یکم اکتوبر سے چار اکتوبر تک ،چین میں 425 ملین لوگوں نے سیاحت کی ،اس طرح پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اس میں 78.4٪ کی بحالی ہو چکی ہے ۔ اندرونی سیاحت کی آمدنی 312.02 بلین یوآن رہی ، جس میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 68.9٪ بحالی ہوئی ہے۔چین کے تمام حصے اب بھی وبا کی روک تھام اور اس پر قابو پالنے کے سخت اقدامات کو عمل میں لارہے ہیں اور سیاحوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کےاصول کوسختی سے نافذ کیا جارہا ہے۔
حال ہی میں ، امریکہ کے “نیویارک ٹائمز” نے “چین کے قومی دن کے موقع پر گولڈن ویک کے دوران وبا سے سخت متاثرہ سیاحت کی صنعت کے فروغ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی۔رپورٹ کے مطابق ، کسی بھی سال ، گولڈن ویک کی چھٹیوں کے دوران مصرف چین کی معیشت کی صحت کا ایک بیرومیٹر ہے۔ رواں سال اس کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے۔ ٹرینوں میں لوگوں کا رش ہے، لوگ جوق درجوق قدیم عبادت گاہوں کی سیر کررہے ہیں ۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ چین وبا سے بحال ہو رہا ہے۔اگرچہ وائرس اور معیشت کے بارے میں خدشات بدستور موجود ہیں ، پھر بھی چینی سیاح گولڈن ویک کے دوران پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال دو علامات، دو رجحانات کی تصدیق کرتی ہے : پہلا ، چین حیرت انگیز رفتار سےمعمول کے قریب واپس آگیا ہے۔ دوسرا ، چونکہ وبا کا سلسلہ جاری ہے اس لیے لوگوں کے سفر کا طریقہ کار بدل رہا ہے ، چین کے وہ سیاح جنہوں نے بیرونی ملکوں کا رخ کرناتھا اب چین کے اندر سیر کررہے ہیں ۔
چین کے قومی دن اور مڈ آٹم ڈے کی تعطیلات کے دوران وبا کے انسداد میں اہم کامیابی کے باعث سفرکرنے والے چینی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافے سے کھپت میں بھی نمایاں اضافہ ہورہا ہے،سیاحت اور خدمات کے شعبوں کی بحالی کو فروغ مل رہا ہےاور چینی معیشت کی اندرونی گردش میں تیزی آرہی ہے۔ان دنوں ملک میں سیاحوں کی تعداد، شاہراہوں پر گاڑیوں کی تعداد اور ریلوے سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جنوبی کوریا میں جدید معیشت کے انسٹی ٹیوٹ کے رکن ہان جے جن نے اس حوالے سے بتایا کہ چین میں تعطیلات کے دوران اقتصادی خوشحالی اندرونی ضروریات کو وسعت دینے کی عکاسی کرتی ہے۔معمول کے انسداد وبا کے اقدامات کے نتیجے میں تعطیلات میں معیشت کی نمو شہریوں کی کھپت کی ممکنہ صلاحیت کو اخراج کا راستہ فراہم کررہی ہے۔
تعطیلات کی معیشت چین کی معیشت کی اندرونی گردش کو بڑھاتے ہوئے بیرونی گردش کو بھی بڑھا رہی ہے جس سے عالمی اقتصادی اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔مبصرین نے نشاندہی کی ہے کہ چین میں کھپت کی منڈی کی بحالی سے چینی معیشت کی بحالی کے ساتھ ساتھ بیرونی دنیا کی چین میں برآمدات اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا ۔