چھبیس ستمبر کو سولہواں بیجنگ انٹرنیشنل آٹوموبائل ایکسپو ۲۰۲۰ ،باضابطہ طور پر شروع ہوا۔وبا کےبعد یہ پہلا بین الاقوامی آٹوموبائل ایکسپو ہے، اگرچہ بیجنگ انٹرنیشنل آٹوموبائل ایکسپو رواں سال اپریل میں ہونا تھا تاہم وبائی صورتِ حال کے باعث اسےستمبر تک ملتوی کیا گیا، اس التوا کے باوجود اس نے بہت سے بین الاقوامی آٹو برانڈز کو شرکت کے لیے راغب کیا اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروائی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رائے میں بیجنگ انٹرنیشنل آٹوموبائل ایکسپو نے چین کی اس وبا کے خلاف جنگ میں کامیابی کی عکاسی کی ہے ، جب یورپی شہروں میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر دوبارہ عمل درآمد کیا جارہا ہے اور امریکہ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ستر لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے،چین کی معیشت کی بحالی کے ساتھ ساتھ، چین کی آٹو مارکیٹ کی کارکردگی یورپی اور امریکی مارکیٹس کی نسبت بہت بہتر ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چین وبا سے صحت یاب ہونے والی پہلی بڑی معیشت ہے، اور بڑی کار ساز کمپنز کی توجہ چین کی جانب مبذول ہو رہی ہے۔ آٹو ایکسپو کے شرکا نئے ماڈل اور برقی گاڑیوں میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ آڈی ، ووکس ویگن اور بی ایم ڈبلیو جیسی بین الاقوامی شہرت یافتہ آٹو برانڈز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ چین میں آل الیکٹرک ماڈل تیار کریں گے ، جو رواں سال کے آٹوموبائل ایکسپو کےموضوع “اسمارٹلی لیڈنگ دی فیوچر” سے مطابقت رکھتا ہے۔
رائٹرز نے کہا کہ چینی مارکیٹ کی بحالی اور نئے ماڈلز کے اجراء کے ساتھ ، بی ایم ڈبلیو گروپ کی توقع ہے کہ اس سال چین میں فروخت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ، آڈی ،چین میں چائنا ایف اے ڈبلیو گروپ کے ساتھ دوسرا مشترکہ منصوبہ قائم کرسکتی ہے۔