چین میں تعمیر وترقی کے سفر میں دیہی اور شہری باشندوں کی یکساں خوشحالی

0

تحریر :وانگ چھین ٹھینگ 

سال دو ہزار بیس چین اور چینی عوام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس برس چین میں نہ صرف جامع طور پر ایک خوشحال سماج کی تعمیر مکمل ہو گی، بلکہ ملک سے غربت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔  چین کے شمال مغربی علاقے  شدید حیاتیاتی ماحول اور سست اقتصادی سماجی ترقی کے باعث  دوسرے علاقوں کی نسبت قدرے پسماندہ ہیں۔  نینگ شیاہ ہوئی خود اخیتار علاقہ ان میں سے ایک ہے۔ یہاں کافی تعداد میں مسلمان آباد ہیں۔ جولائی 2016 میں چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نےنینگ شیاہ کا معائنہ کرتے وقت واضح کیا تھا کہ سال 2020 کے اواخر  تک  ملک بھر میں خوشحال معاشرے کی ہمہ گیر تعمیر کی جائے گی۔ کسی بھی علاقے یا  قومیت کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔

نینگ شیاہ کی مقامی حکومت نے صدر شی جن پھنگ کی ہدایات کو ترقی کے  بلیو پرنٹ میں شامل کرتے ہوئے غربت کے خاتمے اور ترقی کے فروغ کو اولین ترجیح دی۔ تاکہ اقتصادی ترقی کے ثمرات سے نینگ شیاہ کے عوام کے معیار زندگی کو حقیقی طور پر بلند کرنے میں مدد مل سکے۔ 

انسداد غربت کے لیے نینگ شیاہ میں متعدد طریقے اپنائے گئے ہیں۔  صنعتی ترقی، ماحولیاتی صنعت، ای کامرس، تعلیم سمیت دیگر طریقوں سے دیرینہ مسائل کو حل کیا گیا  اور مقامی لوگوں کی زندگی کو بہتر بنایا گیا۔  میں نے حال ہی میں  نینگ شیاہ کے دیہی علاقے کا دورہ کیا اور  مجھے وہاں کے لوگوں کا بہتر معیار زندگی دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔ ہر ایک گھر کی کشادہ سڑک تک رسائی ہے۔ عوام کی رہائش کےلیے مقامی حکومت نے عمدہ پالیسی مرتب کی۔ عوام  انتہائی کم قیمت میں کشادہ مکانوں میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔  تقریباً ہر گھر کے دروازے کے سامنے گاڑی دیکھی جا سکتی ہے۔  اس دوران مجھے معلوم ہوا کہ بھیڑوں کی افزائش سے وابستہ ما صاحب کی سالانہ آمدن بیس ہزار امریکی ڈالرز  تک جاپہنچی ہے۔ جبکہ سیبوں کے باغ کے مالک جانگ صاحب باآسانی سالانہ پندرہ ہزار امریکی ڈالرز کما سکتے ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ ماضی میں یہاں شدید حیاتیاتی ماحول کا سامنا تھا ۔ہر طرف ریت ہی ریت تھی۔ لیکن حالیہ برسوں میں مقامی حکومت نے حیاتیاتی ماحول کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ اس وقت نینگ شیاہ میں نہ صرف فطری ماحول میں بہتری آئی ہے بلکہ عوام کی زندگی میں بھی نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔  نینگ شیاہ میں مقامی باشندوں کو غربت سے نجات دلانے اور عوام کی آمدن میں اضافے کا بنیادی ذریعہ صنعت کی ترقی  ہے۔مقامی حکومت ایسی خوشحال صنعتوں کی ترقی  کو مضبوط بنانے کی کوشش کرتی ہے جو غریب افراد کو  طویل مدتی فوائد اور مستحکم روزگار فراہم کرسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، نینگ شیاہ کی این چھی کاونٹی میں بھیڑوں کی افزائشی صنعت کو بھر پور فروغ دیا جارہا ہے۔ جہاں بھیڑوں کی افزائشی صنعت سے مقامی لوگوں کی آمدن میں نمایاں حد تک اضافہ ہوا ہے۔ 

چینی عوام کی محنت اور مربوط پالیسی سازی کی مدد سے نینگ شیاہ کے باسیوں کی زندگی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ یہاں  شہریوں کا بہتر معیار زندگی چین میں نئی دیہی تعمیر  اور نچلی سطح پر ترقی کا بہترین عملی مظہر ہے۔اس سے واضح عکاسی ہوتی ہے کہ  چین میں نہ صرف شہروں کے لوگ، بلکہ دیہی باشندے بھی خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY