دس ستمبر کو چین میں چھتیس واں یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر چینی صدر شی جن پھنگ نےملک بھر کے تمام اساتذہ کو اس دن کی مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
یہ کہنا درست ہے کہ اساتذہ کے ایک کندھے پر طلباء کا مستقبل ہے ، اور دوسرا کندھے پر قوم کا مستقبل ۔ اساتذہ طلباء کی تعلیم و تربیتکی راہ میں “خوابوں کی تعبیر کرنے والے ” ہیں۔
رواں برس یوم اساتذہ کی غیر معمولی اہمیت ہے۔کووڈ-۱۹کے تناظر میں اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں اگرچہ عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں ، مگر طلباء کی کردار سازی اور ذہنی ترقی کے عمل میں تو کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔یہاں ہمیں صحیح معنوں میں اساتذہ کی قدر محسوس ہوئی۔ چین بھر میں 200 ملین سے زائد پرائمری ، مڈل اور ہائی اسکول کے طلباء کو ایک طویل عرصے تک اپنے گھروں میں آن لائن تعلیم حاصل کرنا پڑی ، ملک بھر میں اساتذہ نے فاصلاتی تعلیم کے طریقہ کار میں جدت لائی ،طلباء کو آن لائن پڑھایا گیا ،نیو میڈیا کے توسط سے لیکچرز براہ راست نشر کرنے سمیت اساتذہ نے دیگر ذرائع سے وبائی دور میں اپنے فرائض احسن طور پر انجام دیے۔
سال 2020 چین کے لئے اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ رواں برس چین ملک بھر سے غربت کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے غربت کے خاتمے کے لئے شہروں سے دیہی علاقوں کا رخ کیا اور گاوں گاوں میں بچوں کی تعلیم کا فرض سنبھالا۔کہا جا سکتا ہے کہ چینی اساتذہ کی اکثریت شعوری طور پر اپنی ذاتی زندگی کو مادر وطن کے مستقبل کے ساتھ جوڑتی ہے ، پیشہ ورانہ علوم اور عمدہ اخلاق سے اپنے طالب علموں کے خوابوں کی تعبیر کی کوشش کی جاتی ہے۔
دوسری جانبتدریس کو معاشرے کا سب سے قابل احترام اور قابل رشک پیشہ بنانا ملک و قوم کے تعلیمی مقاصد کی ترقی کے لئے بہت لازمی ہے۔ کیوںکہ اساتذہ تعلیمی ترقی کا بنیادی وسیلہ ہیں۔یوم اساتذہ کا ایک اور اہم مقصد معاشرے میں اساتذہ کے لئے عزت اور احترام کے شعور کو اجاگر کرنا ہے ۔خوشی کی بات یہ ہے کہ چینی حکومت نے اساتذہ کی آمدنی میں اضافے کے لئے متعدد ترجیحی پالیسیاں مرتب کی ہیں ، بالخصوص دیہی علاقوں میں اساتذہ کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔توقع ہے کہ آئںدہ تین تا پانچ سالوں میں دیہی اساتذہ کی آمدنی میں خوب اضافہ دیکھنے میں آئیگا۔
چینی قوم کی عظیم نشاۃ الثانیہ کے عمل میں ،چین میں ایک ایسی سماجی فضا تشکیل دی جا رہی ہے جس میں اساتذہ اور تعلیم کے احترام کو فوقیت حاصل ہے۔یوم اساتذہ اس لحاظ سے بھینمایاں اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن علم و دانش کے لئے عزت اور احترام پر بھر پور زور دیا جاتا ہے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اساتذہ کی جدوجہد اور کردار کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔