آٹھ تاریخ کو ، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے بھارتی فوج کی جانب سے غیرقانونی طور پر سرحدعبور کرتے ہوئے چین – بھارت سرحدی علاقے میں داخلے سے متعلق چین کے ٹھوس موقف سے میڈیا کو آگاہ کیا۔میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے خطرناک اقدامات ترک کرے، سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کو فوری واپس بلائے، فرنٹ لائن فوجی اہلکاروں کی کاروائیوں پر سختی سے پابندی لگائے اور فائرنگ میں ملوث اہلکاروں سے تفتیش کے بعد انہیں سخت سزا دی جائے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔ چینی فوج اپنے فرائض اور مشن کو بھرپور طریقے سےسرانجام دے گی اور ثابت قدمی سے ملک کی علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گی۔
چاو لی جیان نے واضح کیا کہ اس واقعے میں بھارتی فوج نے پہل کرتے ہوئےگشت پر مامور چین کے سرحدی محافظوں کو ہوائی فائرنگ سے خبردار کیا۔ 1975 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر فائرنگ سے امن کو متاثر کیا گیا ہے ۔ چین نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ فریقین کو پرامن ذرائع اور مشاورت اور بات چیت کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنا چاہئے۔ دونوں فریقوں کے لئے محاذ آرائی خطرناک ہے۔