ممبئی: ’بگ باس‘ بھارت کا مقبول ترین ٹی وی شو ہے جس کی میزبانی بالی ووڈ کے دبنگ خان سلمان خان کرتے ہیں۔ اس شو کے 13سیزن نشر ہو چکے ہیں اور اس بار خیال کیا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ اس کا 14واں سیزن شروع نہیں ہو سکے گا لیکن اب اعلان کر دیا گیا ہے کہ بگ باس سیزن 14، 4اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق گزشتہ سیزن میں سلمان خان مبینہ طور پر ایک قسط کا ساڑھے 15کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیتے رہے ہیں اور اس بار خبر گردش میں ہے کہ انہوں نے اپنے معاوضے میں اضافہ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر بتایا جا رہا ہے کہ اس بار سلمان خان ایک قسط کے لگ بھگ 20کروڑ بھارتی روپے وصول کریں گے۔ اندرونی ذرائع کے حوالے سے انڈیا ٹائمز نے بتایا ہے کہ سلمان خان اور پروڈیوسرز کے مابین 3ماہ کے اس سیزن کا معاہدہ ساڑھے 4ارب بھارتی روپے میں ہوا ہے۔ اس بار بگ باس شو میں میڈیا رپورٹس کے مطابق رادھے ما، زین امام، ویویان ڈی سینا، زان خان، سوگندھا مشرا اور نشانت ملکانی سمیت دیگر لوگ حصہ لے رہے ہیں۔سیزن 14میں ایک نیا کام یہ بھی ہونے جا رہا ہے کہ اس سیزن میں پہلی بار شو میں شریک لوگوں کو ’گھر‘ سے باہر کی دنیا کے ساتھ رابطہ رکھنے کی بھی اجازت دی جائے گی اور وہ معلوم کر سکیں گے کہ باہر کورونا وائرس کی کیا صورتحال چل رہی ہے اور اس حوالے سے اپنے پیاروں کی خیرخبر بھی لیتے رہیں گے۔شو کے شرکاءکو گھر میں بند کرنے سے پہلے ان کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔