مانچسٹر میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے 19 اوروں میں ہدف حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایئن مورگن 66 اور ڈیوڈ ملان نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین اور حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر زخمی ہونے کی وجہ سے اپنے اووروں کا کوٹہ پورا نہ کر سکے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے اوپنروں ٹام بینٹن اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو عمدہ انداز فراہم کیا اور ابتدائی چھ اووروں میں 66 رنز کی شراکت بنا کر فتح کی بنیاد رکھ دی۔
شاداب خان نے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے لیکن کپتان ایئن مورگن اور ڈیوڈ ملان نے 112 رنز کی شاندار شراکت بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔
فخر زمان 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنھوں نے 56 رنز بنائے ہیں۔
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی شعیب ملک تھے۔ محمد حفیظ 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے ٹی 20 میں اپنے 1500 رنز بھی بنا لیے۔ یہ ان کا 39 واں میچ ہے۔ یوں بابر اعظم نے کوہلی اور فنچ کا ریکارڈ بھی برابر کر لیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مانچسٹر کے میدان میں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ نے 16.1 اوورز میں 131 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
انگلینڈ کی اننگز کے اختتام پر میچ حکام کے مطابق ڈی ایل ایس میتھڈ کے مطابق پاکستان کو 16 اوورز میں جیت کے لیے 144 رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن مسلسل بارش کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے امپائرز نے فیصلہ کیا کہ میچ دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
بی بی سی ٹی وی 21 سال بعد دوبارہ کرکٹ میچ کو لائیو دکھا رہا ہے۔ اس سے قبل بی بی سی نے 1999 کے ورلڈ کپ کو لائیو دکھایا تھا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ بی بی سی ون کے علاوہ بی بی آئی پلیئر، بی بی سی سپورٹس ویب سائٹ اور ایپ پر بھی دیکھا جا سکے گا۔
کرکٹ کی دنیا میں گذشتہ 21 برسوں میں کئی تبدیلیاں واقع ہو چکی ہیں تاہم دونوں ملکوں میں اس کھیل کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے، جو ہر لمحے پر لطف اندوز ہو رہے ہوتے ہیں اور خاصں طور پر جب یہ میچ ٹی 20 فارمیٹ میں ہو تو پھر کرکٹ کے ان شائقین کے انہماک میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے شائقین کی 1999 کے ورلڈ کپ سے زیادہ اچھی یادداشتیں وابسطہ نہیں ہیں تاہم بعد میں انگلینڈ کی ٹیم نے 2005 کی ایشیز ٹیسٹ سیریز جیت کر کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کیا تو پاکستان ٹی 20 میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ انگلینڈ نے 2011 میں انگلینڈ کی ٹیم پہلے نمبر پر آ گئی۔ کرکٹ کی تاریخ میں 2019 انگلینڈ کے لیے خاصی اہمیت کا حامل ہے جب یہ ٹیم ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ اٹھانے میں کامیاب ہوئی۔
سیریز کا نتیجہ اور عالمی رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی صف اول کی ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کو سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان نے اب تک 151 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں اس نے 92 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کامیابی کے لحاظ سے پاکستان دوسرے نمبر کی ٹیم انڈیا سے واضح طور پرآ گے ہے جس نے 134 میں سے 83 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ جیتے ہیں۔
انگلینڈ کی اس وقت عالمی رینکنگ دوسری ہے۔ اس نے 117 میں سے 58 میچز جیت رکھے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں کے درمیان کھیلے گئے 15 میں سے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل انگلینڈ نے جیتے ہیں۔
پاکستان صرف 4 میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکا جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔
اگر پاکستان یہ سیریز تین صفر سے جیت لے تب وہ دوسرے نمبر پر آ جائے گا اور انگلینڈ کی پوزیشن چوتھی ہو جائے گی۔
لیکن اگر پاکستان یہ سیریز دو ایک سے جیتا تو پھر اس کی پوزیشن چوتھی ہی رہے گی لیکن انگلینڈ کی رینکنگ دوسرے نمبر سے تیسرے نمبر پر آ جائے گی۔
اگر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سریز میں کلین سویپ کر لیا تو وہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں اگرچہ دوسرے نمبر پر ہی رہے گا لیکن اس کے اور عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے درمیان صرف چار پوائنٹس کا فرق رہ جائے گا۔
دو میچ جیتنے کی صورت میں یہ فرق آٹھ پوائنٹس کا ہو گا۔
پاکستان کی تین صفر کی شکست اسے عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر لے جائے گی۔
لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ بارش کی نظر ہونے کے بعد اب صرف دو میچز کا نتیجہ ہی ممکن ہو سکے گا۔