سکھر: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ ایف اے ٹی ایف کا معاملہ سنجیدہ ہے،حکومت فیٹف کے ذریعے ایسے اختیارات لیناچاہتی ہے جو نیب سے بھی زیادہ ہے۔
پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے چودھری منظوراحمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حکومت قانون سازی سے اپوزیشن کو دبانا چاہتی ہے، فیٹف کی جانب سے قانون سازی پر ہم پوری مدد کریں گے،فیٹف کے 9قوانین میں اپوزیشن کی ترمیم منظور نہیں کی گئی ،اپوزیشن کی ترمیم مسترد کرتے ہوئے بل کو سینیٹ میں پیش کردیاگیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ آپ کے بل اپوزیشن کو دبانے کیلئے ہیں ،کہتے ہیں اپوزیشن حکومت سے رعایت مانگتی ہے،کہتے ہیں اپوزیشن این آر او مانگتی ہے ،ہم نے کوئی این آر او نہیں مانگا،حکومت جو اختیارات لیناچاہتی ہے اپوزیشن اس کی اجازت نہیں دے گی ۔
پی پی رہنما نے کہاکہ اعلیٰ عدلیہ اس طرف دیکھے کہ اپوزیشن سے نیب نے بہت زیادتی کی،خورشید شاہ کو سال ہونے کوہے ان کے کیس کا ٹرائل نہیں چل رہا،حکومت کو مزید وقت دینا ملک کیلئے خطرہ ہے۔
انہوںنے کہاکہ ہر چیز کاالزام اپوزیشن پر لگا دیا جاتا ہے،حکومت فیل ہو گئی یہ مختلف طبقے کے لوگوں کو آپس میں لڑائیں گے ،ہم نے بڑی مشکل سے دہشتگردی کیخلاف جنگیں لڑیںاورجیتیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس حکومت کامزید رہنا زہرقاتل ہے ،بی بی شہید نے کہاتھا نیب کو ایک ہتھیار کی طرح استعمال کیاجاتا ہے،حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ مسائل کیسے حل کرے،عمران خان جن کیخلاف تھے آج ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔