توہین عدالت کیس ، بھارت میں سینئر وکیل کو سپریم کورٹ نے ایک روپے کا جرمانہ کردیا، انتہائی دلچسپ تفصیلات

0

نئی دلی: بھارتی سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے کیس میں سینئر قانون دان اور سماجی کارکن پرشانت بھوشن کو ایک روپے کے جرمانے کی سزا سنادی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پیر کے روز توہین عدالت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سینئر قانون دان پرشانت بھوشن کو ایک روپے کا جرمانہ کردیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر وہ 15 ستمبر تک یہ جرمانہ ادا نہیں کرتے تو انہیں 3 ماہ قید کاٹنا ہوگی اور ان کا وکالت کا لائسنس 3 سال کیلئے معطل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پرشانت بھوشن نے کچھ عرصہ پہلے ٹوئٹر کے ذریعے سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف انڈیا کے بارے میں سخت زبان استعمال کی تھی، انہوں نے انڈیا کے بعض چیف جسٹسز پر کرپشن کے بھی الزامات لگائے تھے۔

عدالت نے 14 اگست کو پرشانت بھوشن پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں غیر مشروط معافی مانگنے کا حکم دیا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے۔

عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد ایک پریس کانفرنس  میں پرشان بھوشن نے اعلان کیا کہ وہ ایک روپے کا جرمانہ ادا کریں گے، انہوں نے یہ پریس کانفرنس ہاتھ میں ایک روپے کا سکہ پکڑ کر کی۔

ٹوئٹر پر عدالت میں اپنا کیس لڑنے والے سینئر وکیل راجیو دھون کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے پرشانت بھوشن نے بتایا کہ ان کے جرمانے کی رقم ان کے ساتھی وکیل نے انہیں دی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY