چین اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی و مالیاتی تزویراتی بات چیت کا پہلا دور بارہ تاریخ کو بیجنگ میں منعقد ہوا ۔ چین کے ریاستی کونسلر وانگ یونگ ، کینیڈا کے وزیر خزانہ بل مورنیو اور کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارتی تنوع جم کار نے اس بات چیت میں شرکت کی ۔
اس موقع پر وانگ یونگ نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعاون چین کینیڈا تعلقات کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں ایک دوسرے کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فریقین سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے لحاظ سے ایک دوسرےکےاہم شراکت دار بھی ہیں ۔ امید ہے کہ دونوں ممالک جدید زراعت ، توانائی وسائل ، مینوفیکچرنگ ، سائنسی و تکنیکی جدت اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی مضبوطی کے لئے مشترکہ کوشش کریں گے ۔
کینیڈا کے وزیر برائےبین الاقوامی تجارتی تنوع جم کار نے کہا کہ اس وقت چین اور کینیڈا کے درمیان سالانہ تجارتی مالیت بہتر ارب امریکی ڈالرز رہی اور فریقین کا مشترکہ ہدف یہ ہے کہ دو ہزار پچیس تک تجارتی مالیت کے حجم کو دگنا کیا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ بات چیت اس مقصد کی تکمیل کےلئےمفید ثابت ہو گی۔