چھبیس تاریخ کو چین کے صدر کی اہلیہ محترمہ پھنگ لیوان، جو کہ تپ دق اور ایڈز کی روک تھام کی خیر سگالی سفیر بھی ہیں، کا ایک ویڈیو خطاب نیویارک میں اقوام متحدہ کی تہترویں جنرل اسمبلی کی اعلی سطحی میٹنگ کی افتتاحی تقریب میں نشر کیا گیا۔
اپنے خطاب میں محترمہ پھنگ لیوان نے تپ دق اور ایڈز کی روک تھام کی خیر سگالی سفیر کی حیثیت سے گزشتہ دس بارہ برسوں میں ان امراض کے حوالے سے اپنے مشاہدات و تاثرات کو پیش کیا ۔ محترمہ پھنگ لیوان نے چین میں ان بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں حصہ لینے والے چینی طبی اہلکاروں اور رضاکاروں کی متاثرکن کہانیاں بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت، مختلف سماجی شخصیات اور سات لاکھ رضاکاروں کی انتھک کوششوں کی بنا پر چین میں تپ دق اور ایڈز کی روک تھام کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔ ان بیماریوں کے شکار افراد کو بروقت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ان بیماریوں کا شکار ہونے اور ان کے باعث اموات کی شرح بڑی حد تک گھٹ گئی ہے۔
محترمہ پھنگ لیوان نے مزید کہا کہ مسلسل کامیابیوں کے باوجود دنیا میں تپ دق اور ایڈز کی روک تھام کے میدان میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ صحت کی عالمی تنظیم نے ان بیماریوں کی روک تھام کی حکمت عملی مرتب کی ہے۔ امید ہے کہ عالمی برادری متحد ہو -کر ان بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں زیادہ کامیابیاں حاصل کرے گی