چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے ماحولیات کی بیسویں کانفرنس تیئس سے چوبیس جون تک چین کے صوبہ جیانگ سو کے شہر سو چو میں منعقد ہوئی ۔کانفرنس کے دوران فریقین کے دستخطوں سے مشترکہ اعلامیے کی منظوری بھی دی گئی۔ اعلامیے میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ تینوں ممالک دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ماحولیاتی تعاون کے تجربات اور نتائج کا تبادلہ کر سکیں گے اور علاقائی پائیدار ترقی کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جاسکے گا۔
اطلاعات کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی تعاون کے حوالے سے تین اہم امور پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔ پہلا، تینوں ممالک کے رہنماوں کی کانفرنس کی اصل روح اور انیشیٹو پر جامع طور پر عملدرآمد کیا جائے گا اور حقیقی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ دوسرا، علاقائی اور عالمی ماحولیاتی موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔دو ہزار تیس کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس معاہدے پر عملدرآمد کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔ تیسرا، چین ،جاپان اور جنوبی کوریا پلس نامی ماحولیاتی تعاون کے نمونے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چین،جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے ماحولیات کی کانفرنس کا باری باری تینوں ممالک میں انعقاد کیا جاتا ہے ۔رواں برس اس حوالے سے یہ بیسویں کانفرنس ہے۔