چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا بیرونی امور کے حوالے سے اجلاس بائیس سے تیئس تاریخ تک بیجنگ میں منعقد ہوا۔ مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئر مین شی جن پھنگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نئے عہد میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ خارجہ نظریات پر عمل پیرا ہوا جائے، چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کے نصب العین اور بنی نوع انسان کی مشترکہ ترقی کو بیرونی امور کا اصل مقصد قرار دیا جائے، بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دیا جائے، ملک کے اقتدار اعلی ،سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا تحفظ کیا جائے ، عالمی انتظامی نظام کی بہتری اور اصلاحات کے عمل میں مثبت طور پر شریک ہو ا جائے ،اور دنیا بھر میں شراکت داری کے جامع نظام کے قیام کے لیے کوشش کی جائے۔
اس موقع پر جناب شی جن پھنگ نے واضح کیا کہ سفارتکاری ملک و قوم کے نظریات اور تصورات کا مظہر ہے۔سفارتی امور کے سلسلے میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی مکمل رہنمائی کو یقینی بنانا چاہیے۔سفارتی نظام کی اصلاحات ملک کے اتنظامی نظام کی اصلاحات اور جدید کاری کا اہم حصہ ہے جس کو صحیح معنوں میں عمل میں لایا جانا چاہیے۔
اس کے علاوہ چینی صدر نے اپنے خطاب میں دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر اور عالمی شراکت داری سمیت دیگر امور کے حوالے سے ہدایات جاری کی۔