امریکی ذرائع ابلاغ کی انیس تاریخ کی خبر کے مطابق امریکہ کی نیشنل ریٹیل فیڈریشن ، الائنس آف آٹو موبائل مینوفیکچرز اور نیشنل کارن گروورز ایسوسیاشن سمیت تقریباً ساٹھ امریکی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر امریکی کانگریس سے اپیل کی کہ تجارتی پالیسی کی نگرانی کو مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے اپنی اپیل میں کہا کہ تجارتی پالیسی کے انتظام کے حوالے سے کانگریس اور انتظامی اداروں کے درمیان اختیار کو دوبارہ برابری کی سطح پر لایا جائے ۔
امریکی کاروباری برادری نے اٹھارہ تاریخ کو سینٹ کی فنانس کمیٹی کے چیرمین اورن ہیچ اور ایوان نمائندگان کی فنڈ ریزنگ کمیٹی کے چیرمین کیون بریڈے کے نام خطوط لکھے۔مذکورہ خطوط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی موجودہ حکومت محصولات سمیت دیگر اقدامات کو تجارتی تنازعات سے نمٹنے کے لیے اہم ذریعے کی حیثیت سے استعمال کررہی ہے۔اس کے جواب میں امریکہ کے تجارتی ساتھی جوابی محصولات جیسے اقدامات اختیار کرتے ہیں۔یہ امریکہ کے برآمدی تاجروں کے لئے نقصان دہ اور امریکہ میں موجود روز گار کے لاکھوں مواقعوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔
خطوط میں مزید کہا گیا کہ انتظامی ادارے کی طرف سےبڑے پیمانے پر یکطرفہ طور پر محصولات عائد کرکے امریکی کانگریس اور انتظامی اختیار کے درمیان تاریخی نوعیت کے توازن کو خراب کیا گیا ہے۔ایسی صورتحال میں کانگریس کی دو مذکورہ کمیٹیوں کو حکومت کے متعلقہ فیصلوں پر مضبوط اور موثر جواب دینا اورصدر کی جانب سے تجارتی اختیارات کے حوالے سے کانگریس کی نگرانی کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے۔