چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے مفاد عامہ میں انٹرنیٹ پلس کے استعمال پر زور دیا ہے جس کے تحت روایتی اقتصادی اور سماجی شعبہ جات میں انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز کے استعمال کو اہمیت دی جاتی ہے۔ جناب لی نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز ملک کے شمال مغربی ننگ شیاہ ہوئی خوداختیارعلاقے کے شہر اینچوان کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ذریعہ معاش سے وابستہ اہم شعبہ جات میں بہتری کے لیے انٹرنیٹ پلس ماڈل سے استفادہ کرنے کے وسیع امکانات ہیں۔انٹرنیٹ پلس کی بدولت غریب یا قلیل وسائل کے حامل علاقوں میں لوگوں کی بہتر عوامی سہولیات تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔ ایک مقامی اسپتال کے دورے کے دوران چینی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ تمام علاقے کے عوام کے لیے آن لائن طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ جناب لی نے ایک مڈل سکول کا دورہ بھی کیا اور انٹرنیٹ پلس تعلیم کی فراہمی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹیکنالوجی پسماندہ علاقوں کے طلباء کو بھی بہترین اساتذہ سے تعلیم کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے مقامی حکومتوں پر زور دیا کہ انٹرنیٹ پلس کی ترقی کے لیے سست انٹرنیٹ ، کمزور فنڈنگ جیسے مسائل سے نمٹا جائے اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔