پاکستان میں چینی سفیر یاؤ چِنگ نے انتیس تاریخ کو چین کے سفارت خانے میں شنگھائی تعاون تنظیم کی چھینگ تاؤ سمٹ کے حوالے سے ایک نیوز بریفنگ کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر انہوں نےپاکستانی اخبارات جنگ ،دی نیوز اور دی نیشن سمیت دیگر اہم میڈیا کےاداروں کو چھینگ تاؤ سمٹ کی تیاری کی تازہ ترین صورتحال سے اگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کے دوران چینی صدر مملکت شی جن پھنگ شنگھائی تعاون تنظیم کے دوسرے سات رکن ممالک اورچار مبصر ممالک کے رہنماوُں نیز اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کے نمائںدوں کے ساتھ مستقبل میں تعاون اور اہم عالمی و علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چینی سفیر یاؤ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اور وزرائَے دفاع کے اجلاس اور سکیورٹی کے حوالے سے سیکرٹریز سطح کے اجلاس سمیت مختلف اہم اجلاسوں میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چھینگ تاؤ سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور چین پاکستانی رہنماوُں کی چھِینگ تاؤ سمٹ میں شرکت کا خیر مقدم کرتا ہے ۔