چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے چھبیس تاریخ کو بیجنگ میں کہاہے کہ بھارت اور پاکستان کی شمولیت کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم آبادی اورحجم کے لحاظ سے ایک بہت بڑی تنظیم بن گئی ہے اوریہ علاقائی و عالمی امور میں مزید مثبت کردار ادا کرے گی۔شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس چوبیس تاریخ کو بیجنگ میں منعقد ہوئی ۔ بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے رکن ممالک کی حیثیت سے پہلی دفعہ اس میں شرکت کی۔ اس حوالے سے ہوا چھون اینگ نے نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ باہمی اعتماد میں اضافہ کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا مختلف ممالک چھن تاوُسمٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے چین کی حمایت کرتے ہیں۔