بائیس تاریخ کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیرِ خارجہ وانگ ای نے چین کے دورے پر آئی ہوئی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بات چیت کی۔ صحافیوں سے مشترکہ ملاقات کے دوران وانگ ای نے کہا کہ چین- بھارت مشترکہ مشاورت کے بعد چینی صدر شی جن پھنگ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ستائیس سے اٹھائیس اپریل تک چین کے صوبے حوبے کے شہر وو ہان میں غیررسمی ملاقات کریں گے۔
وانگ ای نے کہا کہ اس وقت چینی خصوصیات کا حامل سوشلزم نئے عہد میں داخل ہوا ہے اور بھارت ترقی کے کلیدی مرحلے میں ہے۔اس تناظر میں دونوں ممالک کے رہنماوں کی ملاقات علاقائی و عالمی امن و ترقی پر اہم اثرات مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا ،عالمی انتظام و انصرام اور چین-بھارت تعلقات کے لیے تزویراتی نوعیت کا فیصلہ کیا جائے گا اور چین بھارت تعلقات کے لیے نئے اہداف کا تعین کیا جائے گا۔
بھارت کی وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے سال دسمبر میں چین-بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے تعاون کو مسلسل مضبوط بنایا جا رہا ہے۔بھارت چین کے ساتھ مل کر رہنماؤں کی دوستی کو گہرائی تک پہنچاتے ہوئے باہمی اعتماد کو فروغ دے گا تاکہ بھارت اور چین کے مابین تزویراتی شراکت داری کے تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچایا جا سکے ۔