چین کی ریاستی کونسل کے اطلاعاتی دفتر کی جانب سے منگل کے روز ایک وائٹ پیپر شائع کیا گیا ہے جس میں چینی شہریوں کے لیے مذہبی آزادی کو یقینی بناتے ہوئے اُن کے مذہبی عقائد کا احترام اور تحفظ جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وائٹ پیپر کا عنوان ہے ” مذہبی عقیدے کی آزادی کے تحفظ کے لیے چین کی پالیسیاں اور طرز عمل “۔ وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں ایک سوشلسٹ ملک کی حیثیت سے قومی اور مذہبی صورتحال کی بنیاد پر چین میں مذہبی آزادی اور عقائد کے تحفظ کے حوالے سے پالیسیاں اختیار کی جاتی ہیں تا کہ فعال اور صحتمندانہ مذہبی تعلقات تشکیل پا سکیں اور مذہبی و سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھا جا سکے۔دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ چین میں مذہب پر یقین رکھنے والے اور نہ رکھنے والے افراد ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور ہم آہنگی سے رہتے ہیں ،اصلاحات ، کھلے پن اور سوشلسٹ جدیدیت کے لیے پر عزم ہیں اور قومی نشاتہ الثانیہ کے چینی خواب کی تکمیل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔