چینی صدر کے خصوصی ایلچی کی جنوبی کوریائی صدر سے ملاقات

0

چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی ایلچی یانگ جیے چھی نے تیس تاریخ کو سیول میں جنوبی کوریائی صدر مون جیے این سے ملاقات کی۔
یانگ جیے چھی نے چینی صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات اور تزویراتی تعاون کی مضبوطی ہے۔
جناب یانگ نے جنوبی کوریا کے صدر کو شمالی کوریائی سربراہ کے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک رکھنے، خطے میں امن و استحکام کے تحفظ اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔اس وقت جزیرہ نما کوریا کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوتے ہوئے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔مختلف فریقوں کو بین کوریائی اور شمالی کوریا-امریکہ اجلاسوں کے کامیاب انعقاد کو مشترکہ طور پر فروغ دینا چاہیئے اور جزیرہ نما کوریا کے مسئلے کے سیاسی حل کے حقیقت پسندانہ عمل کو مناسب وقت پر بحال کیا جانا چاہیئے۔ چین جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہٹھیاروں سے پاک رکھنے اور خطے کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر تیار ہے۔
مون جیے این نے کہا کہ جنوبی کوریا کم جونگ اُن کے دورہ چین کو بہت سراہتا ہے اور جزیرہ نما کوریا کے مسئلے پر چین کے تعمیری کردار کا بھی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا اس خطے میں امن و امان کے تحفظ، مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کی مضبوطی پر تیار ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY