چین کی وزارت تجارت نے جمعے کے روز امریکہ پر زور دیا کہ وہ دانشمندانہ فیصلے کرتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو خطرے میں نہ ڈالے۔وزارت کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف امتناعی اقدامات کو ایک بد ترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات چین ، امریکہ اور وسیع پیمانے پر پوری دنیا کے مفادات کے خلاف ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ چین کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھے گا کہ اُس کے جائز حقوق اور مفادات کو کسی بھی صورت میں نقصان پہنچے ۔ ترجمان نے کہا کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر اعتبار سے تیار ہے۔یاد رہے کہ کاروباری اداروں اور ماہرین کی جانب سے شدید انتباہ کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت چین سے درآمد کی جانے والی تقریباً ساٹھ ارب ڈالرز کی مصنوعات پر محصولات عائد کیے جائیں گے جبکہ امریکہ میں چینی سرمایہ کاری پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت اور اعتماد رکھتا ہے۔