چینی صدر شی جن پھنگ کا  ترقی، ہنر مند افرادی قوت اور تخلیق کی اہمیت پر زور

0

چینی صدر مملکت شی جن پھنگ جو چینی  کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیرمین بھی ہیں ، انہوں نے بدھ  کے روز این سی پی کے سالانہ اجلاس میں شریک صوبہ گوانگ دونگ کے مندوبین کے ساتھ  حکومتی ورکنگ رپورٹ پر نظر ثانی کی ۔ اس موقع پر شی جن پھنگ نے کہا کہ ترقی سب سے اہم مشن ہے ، ہنر مند افراد سب سے اہم وسائل اور تخلیق سب سے اہم قوت محرکہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تخلیق کے بغیر چین حقیقی طور پر مضبوط نہیں ہو گا ۔ خوبصورت دیہات کی تعمیر  کے حوالے سے حکمت عملی کے بارے میں شی جن پھنگ نے کہا کہ آئندہ تیس یا چالیس کروڑ  افراد  دیہی علاقوں میں آباد  ہوں گے ۔ دیہات اور شہروں کو  ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ترقی  کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کو عوام کے لیے بہتر خدمات سرانجام دینی چاہئے  اور  عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کو دور کرنے کے لئے بھر پور کوشش کرنی چاہئے ۔ آئین کے متعدد شقوں میں ترامیم کے بارے میں جناب شی نے کہا کہ یہ نئے عہد میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کو آگے بڑھانے کے تناظر میں مرکزی کمیٹی کی جانب سے تجویز کردہ ایک اہم پیش رفت ہے  اور قانون کے تحت حکمرانی اور قومی انتظامی نظام کی بہتری کے لئے ایک اہم قدم ہے ۔ شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین میں اصلاحات اور  اوپن پالیسی کے نفاذ کے دوران گوانگ دونگ صوبہ  اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے صوبے کے مندوبین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  جدید تصورات کے تحت اصلاحات اور تخلیق کے ذریعے جدید اقتصادی نظام ،کھلے پن کی نئی ساخت  اور بہتر سماجی انتظامی نظام کے قیام میں چین کے دوسرے علاقوں سے  گوانگ دونگ کو سبقت لینی چاہئے ۔ جناب شی نے کہا کہ جدید اقتصادی نظام کا قیام عالمی منڈی میں مسابقت میں اضافے اور اندرون چین  دو الگ الگ صد سالہ منصوبوں کی تکمیل سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، اعلی درجے کی مینو فیکچرنگ ، گرین ، کم کاربن ، بائیو فارمیسی ، ڈیجیٹل معیشت ، نئے مواد  اور سمندری معیشت سمیت نئی تزویراتی صنعتوں کی ترقی کو انتہائی اہمیت دی جانی چاہئے ۔ شی جن پھنگ نے پرزور الفاظ میں کہ سماجی نظم نسق کی بہتری اور عوام کی خوشحال زندگی کے لئے بھر پور کوشش کی جانی چاہئے اور مختلف سطح کے عہدے داروں کو  اپنے بہتر اخلاقی اصولوں پر زور دینا چاہئے ۔ 
علاوہ ازیں ، وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ،  سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے مستقل رکن لی جان شو، نائب وزیر اعظم وانگ یانگ ، مرکزی کمیٹی کے سیکرٹیریٹ کے سیکرٹری وانگ حو نینگ، مرکزی کمیٹی کے انضباطی معائنہ کمیشن کے سیکرٹری چاو لہ جی اور سیاسی بیورو کے مستقل رکن ہان جن نے بھی بدھ کے روز این پی سی کے سالانہ اجلاس میں شریک مختلف صوبوں کے وفود کے ساتھ  حکومتی ورکنگ رپورٹ پر نظر ثانی کی ۔

SHARE

LEAVE A REPLY