چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے منگل کے روز نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین جنوبی کوریا کے خصوصی صدارتی وفد کے دورہ شمالی کوریا کے دوران مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کے ایک قریبی ہمسایے کی حیثیت سے چین شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان بہتر تعلقات کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین کی جانب سے مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے جائز تحفظات بشمول سلامتی سے متعلق مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے تا کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل فروغ پا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ اقدامات جزیرہ نما کوریا کے عوام اور متعلقہ فریقین کے مشترکہ مفادات سے مطابقت رکھتے ہیں اور علاقائی امن اور استحکام میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا طے شدہ اتفاق رائے پر مخلصانہ عمل درآمد کر سکیں گے اور مصالحت اور تعاون کے لیے کوششوں کو آگے بڑھا سکیں گے۔