چینی صدر شی جن پھنگ نے یکم مارچ کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ٹونگا کے بادشاہ توپوششم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے دونوں صدور نے چین اور ٹونگا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے حوالے سے تعلقات کو مذید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
شی جن پھنگ نے چین اور ٹونگا کے سفارتی تعلقات کےقیام کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر بادشاہ تو پوششم کے دورہ چین کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی انیسویں قومی کانگریس میں باہمی احترام،انصاف،مساوات،تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی نئے طرز کے بین الاقوامی تعلقات اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کی تجاویز پیش کی گئیں، جن سے چین اور ٹونگا کےدرمیان بھی تعلقات اور تعاون کا زیادہ بہتراور وسیع مستقبل سامنے آئے گا۔شی جن پھنگ نے ملاقات میں اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ چین اور ٹونگا دی بیلٹ اینڈ روڈ کے ڈھانچے کے تحت تعاون کو فروغ دیں گے۔
ٹونگا بادشاہ تو پو ششم نے نئے طرز کے بین الاقوامی تعلقات سے متعلق چین کی تجاویزکو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹونگا بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کے لیے چین کے ساتھ مل کر کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹونگا ایک چین کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا اور چین کے ساتھ دی بیلٹ اینڈ روڈ کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بات چیت کے بعد دونوں صدور نے اقتصادی و ٹیکنالوجی کے تعاون،افرادی قوت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔