چین میں نئی توانائی کی گاڑیوں کے حوالے سے بیجنگ میں ایک قومی مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ اس صنعت کی مربوط ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ جمعرات کے روز چین کی وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور بیجنگ کی مقامی حکومت کی جانب سے ” نیشنل نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی انوویشن سنٹر “کی نقاب کشائی کی گئی۔ مرکز کے اہم شراکت داروں میں چین میں نئی توانائی کی گاڑیوں کی تیاری اور تحقیق کے حوالے سے فعال اکیس ادارے شامل ہیں۔نمایاں اداروں میں بیجنگ بی اے آئی سی گروپ ، بی وائی ڈی ، بیدو اور چھنگ ہوا یونیورسٹی شامل ہیں۔چین میں اس وقت صرف دو قومی ٹیکنالوجی تخلیقی مراکز موجود ہیں جن میں سے ایک نئی توانائی کی گاڑیوں اور دوسرا ہائی اسپیڈ ریل سے متعلق کام کررہا ہے۔سائنس وٹیکنالوجی کے وزیر وان گانگ نے کہا کہ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی اور نئی توانائی کی گاڑیوں کی صنعت ترقی کے عمل میں ضم ہو رہی ہیں۔ نئی توانائی کی گاڑیوں کی پیداوار ، فروخت اور استعمال تیزی سے فروغ پا رہا ہے لہذا ضروری ہے کہ مذکورہ صنعتوں میں جدت کو آگے بڑھایا جائے اور مزید مضبوط پالیسی سازی سے تقویت فراہم کی جائے۔