چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے آئین میں صدر کے عہدے کی میعاد میں تبدیلی کی تجویز پیش کی ہے جس کے تحت کہا گیا ہے کہ ملک کے آئین میں اس زیلی شق کو ختم کر دیا جائے جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور نائب صدر دو بار مسلسل عہدوں پر فائز رہنے کے بعد مزید ان عہدوں پر فائز نہیں رہ سکتے ہیں۔کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ نئے عہد میں شی جن پھنگ کے چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ نظریات کو ملکی آئین کا حصہ بنایا جائے۔مرکزی کمیٹی نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ نگران کمیشن کو آئین میں ایک نئے ریاستی ادارے کے طور پر شامل کیا جائے۔مرکزی کمیٹی نے تجویز پیش کی کہ ملکی آئین سے وفاداری کے حلف کا طریقہ کار درج کرتے ہوئے اسے ایک بنیادی قانون کی شکل دیں اور ایک ایسی شق کا اضافہ کیا جانا چاہیے جو یہ وضاحت کرے کہ تمام عوامی عہدے رکھنے والے افراد عہدے سنبھالتے وقت ملکی آئین سے وفاداری کا عوامی حلف اٹھائیں گے ۔ کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ ” انسانیت کے ایک ہم نصیب سماج کی تشکیل کے لیے کام کرنے ” کے جملے کو ملکی آئین میں درج کیا جائے جبکہ بنیادی سوشلسٹ اقدار کو بھی آئین کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ ایک شق کا اضافہ کیا جائے جو وضاحت کرے کہ ” پر امن ترقیاتی راستے ، باہمی سود مند اور کھلی حکمت عملی سے جڑے رہا جائے گا “۔مرکزی کمیٹی نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ آئین میں اس جملے کا اضافہ کیا جائے کہ ” چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کی واضح عکاس ہے ” ۔