چین کے ریاستی کونسلر یانگ جے چھی اور جاپان کی قومی سلامتی کے مشیر شیاو تارو یاچھی کے درمیان جمعے کے روز بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر جناب یانگ جے چھی نے کہا کہ چین دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ ہے۔جناب یانگ نے کہا کہ چین نے جاپان کی جانب سے حالیہ عرصے میں چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کے لیے مثبت رویے کو محسوس کیا ہے اور جاپان کے ساتھ مل کر دو طرفہ تعلقات کی مزید ترقی کے لیے کام کرنے پر آمادہ ہے۔ چین۔جاپان چار سیاسی دستاویزات اور فریقین کے درمیان دو ہزار چودہ میں طے پانے والے چار نکاتی اصولی معاہدے کو سراہتے ہوئے جناب یانگ نے کہا کہ فریقین کو تزویراتی باہمی اعتماد سازی کو مسلسل فروغ دینا چاہیے ، اہم اور حساس امور کو مناسب انداز سے حل کرنا چاہیے اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے سیاسی بنیاد کو برقرار رکھنا چاہیے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فریقین ایشیا میں امن ، تعاون اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے متفقہ اقدامات کریں گے۔ جاپان کی قومی سلامتی کے مشیر جناب یاچھی نے کہا کہ جاپان فریقین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مسلسل بہتری کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔