چینی وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے جشن بہار کی آمد سے قبل چین کے شمال مشرقی صوبہ جی لین کا دورہ کیا اور اس موقع پر غربت کے خاتمے اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات پر زور دیا۔جناب لی نے چن لائی کاونٹی کے دورے کے دوران مقامی باشندوں کو نئے قمری سال کی مبارکباد دی۔انہوں نے صوبہ جی لین میں سماجی اقتصادی ترقی کے حوالے سے پیش رفت کو سراہا۔چینی وزیر اعظم نے ایک پسماندہ گاؤں کے دورے کے موقع پر مقامی دیہی باشندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آمدنی میں اضافے کے لیے مزید ذرائع تلاش کریں جبکہ حکام پر زور دیا کہ غربت کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔جناب لی نے کہا کہ ای کامرس کسانوں کی زندگیوں اور پیشہ ورانہ امور کو مزید آسان بنا سکتی ہے ۔ایک کچی آبادی کے دورے کے موقع پر انہوں نے حکام پر زور دیا کہ مشکلات سے دوچار افراد کے لیے موزوں امداد فراہم کی جائے۔