چین کے روایتی تہوار جشنِ بہار کی آمد کے موقع پر چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے چین میں کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پانچ تاریخ کی سہ پہر بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہوئی۔ چینی حکومت کی جانب سے چین میں کام کرنے والے تمام غیر ملکی ماہرین کے لیے نئے سال کے موقع پر خوشیوں اور نیک تمناوں کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم لی کھہ چھیانگ نے کہا کہ گزشتہ سال چین کی معیشت کی ترقی توقعات سے بہتر رہی ۔ معیشت میں شرحِ اضافہ چھ اعشاریہ نو فیصد رہا ۔اقتصادی ڈھانچے کی ترتیبِ نو میں پیش رفت ہوئی ۔ اقتصادی ترقی میں عوام کی جانب سے خریداری میں اضافے کی شرح تقریباً ساٹھ فیصد رہی ۔ شہروں میں روز گار کے نئے مواقعوں کی دستیابی کی تعداد ایک کروڑ پینتیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ رواں سال چین میں اصلاحات اور اوپن پالیسی کے نفاذ کا چالیسواں سال ہے ۔ ہم اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اصلاحات کو جامع طور پر فروغ دیں گے اور کھلے پن کی پالیسی کی نئی ساخت کی تکمیل کریں گے ۔ چین میں مزید کھلی معاشی پالیسیاں اپنائی جائیں گی۔ ۔غیر ملکی با صلاحیت افراد کو چین میں کام کرنے کے لئے بہتر ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔