چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے جمعے کے روز میڈیا بریفنگ کے دوران تیاو جزائر کے حوالے سے چینی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے جاپان کے حالیہ اقدام پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جاپان کی جانب سے جمعرات کو ٹوکیو میں ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مذکورہ جزائر کے حوالے سے جاپانی ملکیت کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تیاو جزائر اور اس سے ملحقہ علاقے قدیم وقتوں سے ہی چین کا حصہ ہیں اور تاریخی و قانونی شواہد ثابت کرتے ہیں کہ مذکورہ جزائر چین کی ملکیت ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ جزائر کے تحفظ کے حوالے سے چین کا عزم مستحکم ہے ۔