چین کے زرمبادلہ کی قومی انتظامیہ کی پریس ترجمان وانگ چھون اینگ نے اٹھارہ تاریخ کو بیجنگ میں کہا کہ دو ہزار سترہ میں چین کے سرحد پار فنڈز کا بہاؤ نمایاں طور پر بہتر ہو چکا ہے اور زرمبادلہ کی منڈی میں طلب اور رسد بنیادی طور پر متوازن ہوا ہے۔
وانگ چھون اینگ نے اسی روز ریاستی کونسل کی ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال زرمبادلہ کی قومی انتظامیہ نے اصلاحات کو فروغ دیتے ہوئے خطرے سے گریز کرنے کو اہمیت دی ہے۔سرحد پار تجارتی سرمایہ کاری کو مزید سہولتیں میسر ہوئی ہیں ۔مالیاتی منڈی کے کھلے پن کو منظم طور پر فروغ دیا جارہا ہے اور سرحد پار فنڈز کے بہاؤ میں خطرے کا انسداد کیا جا رہا ہے۔
اعداد وشمار سے ظاہر ہوا ہے کہ دو ہزار سترہ کے دسمبر کے آخر تک چین میں زرمبادلہ کے ذخائر اکتیس کھرب انتالیس ارب نوے کروڑ امریکی ڈالرز تھے جو پچھلے سال کے مقابلے میں ایک کھرب انتیس ارب چالیس کروڑ امریکی ڈالرز کا اضافہ ہے۔