نیپال میں آفات سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی فراہمی کے حوالے سے چین اور اقوامِ متحدہ کےترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ نیپال میں چین کی سفیر محترمہ یو ہون اور یو این ڈی پی یعنی اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے دفتر کے سربراہ ریناڈ میئر نے گیارہ تاریخ کو کھٹمنڈو میں تعاون کے اس معاہدے پر دستخط کیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں نیپال کے جنوبی علاقے میں شدید سیلاب سے ایک سو ساٹھ افراد جاں بحق اور سترہ لاکھ مقامی باشندے متاثر ہوئے۔ گزشتہ برس نومبر میں چینی حکومت اور یو این ڈی پی کے درمیان بیجنگ میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق چینی حکومت یو این ڈی پی کو چالیس لاکھ امریکی ڈالرز کی رقم فراہم کریگی ۔نیپال میں یو این ڈی پی کا دفتر اس رقم سے خیمے، ادویات اور دیگر امدادی اشیا ء خرید کر نیپال کے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو انسانی ہمدردی پر مبنی امداد فراہم کریگا۔منصوبے کے مطابق نیپال کے جنوبی علاقے کے دو صوبوں کے کل اکتیس ہزار آٹھ سو خاندانو ں کو مذکورہ امداد فراہم کی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ پہلے مرحلے کا امدادی ساز و سامان مذکورہ معاہدے کے طے ہونے کے ایک ہفتے کے بعد ہی متاثرہ لوگوں کو فراہم کیا جائیگا۔