عزیز چینی بھائی، بہنوں، نیا سال مبارک ۔
نئے سال کی آمد پر میں چینی عوام اور پاکستانی ہم وطنوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ۔
پاک چین برادرانہ دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندر سے گہری ، فولاد سے مضبوط اور شہد سے میٹھی ہے ۔ پاکستانی عوام چین اور چینی لوگوں سے پیار کرتے ہیں اور چین کو پاکستان کا قابل اعتماد پرخلوص دوست سمجھتے ہیں ۔
چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ کے پیش کردہ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے پاک چین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مہمیز ملا ہے ۔ چین پاک اقتصادی راہداری اس کی ایک واضح اور روشن مثال ہے ۔ چین پاک اقتصادی راہداری کے تحت علاقے میں مختلف ممالک، شاہراہوں ،ریلوے لائنز اور آبی راستوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو جائیں گے۔ توانائی ،بنیادی تنصیبات اور صنعتی زون کی تعمیر سے علاقے میں نمایاں تبدیلی آئےگی ۔
مجھے یقین ہے کہ صدر مملکت شی جن پھنگ کی رہنمائی میں چین مزید بڑی کامیابیاں حاصل کرےگا اور پاک چین دوستی آگے بڑھتی رہےگی ۔
چائنا ریڈیو انٹرنیشل دونوں ممالک کے عوام کے مابین عوامی روابط اور بالخصوص اردو زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ میں دو ہزار سترہ میں چائنا ریڈیو انٹر نیشل کی خدمات کو بہت سراہتا ہوں اور دو ہزار اٹھارہ میں دونوں ملکوں کے میڈیا کے اداروں کے درمیان زیادہ ثمر باراور تعمیری تعلقات کے لیے پر امید ہوں۔
نیا سال مبارک ۔پاک چین دوستی زندہ باد!